اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ صوبائی وزراء پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میرظہور احمد بلیدی،بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت امن کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے شہداء زیارت کے لواحقین کا لیویز کی بحالی کا کوئی مطالبہ نہیں تھا سیف سٹی پروجیکٹ کے کیمروں کو ہڑتالوں کے دوران پہنچنے والے نقصانات کے بعد ان کی بہتری عمل میں لائی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیرا علیٰ سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی صدارت میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 26 ایجنڈے زیر غور آئے اور اجلاس کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کی روح کی ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا صوبائی وزراء نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور امن کی بحالی کیلئے کوشاں ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ہماری کوشش ہے کہ امن کی بحالی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور عوام سمیت نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اس لئے حکومت نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لئے اسکالرشپ کی منظور دی گئی اس کے علاوہ تعمیر نو سکول کالج کو صوبائی کابینہ نے جامعہ کا درج دیاہے اور بلوچستان میں امن کی بحالی اور پولیس لیویز کے حوالے سے پائی جانے والی تفریق کو ختم کرتے ہوئے اے اور بی ایریا کی کنفیوژن کو ختم کردیا ہے
صوبائی کابینہ نے پلاننگ منول کا اعلان کیا ہے جس سے بہت سی چیزیں بہتری کی جانب بڑھیں گی اور اس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ہرنائی سبی روڈ کی تعمیر کے لئے 15 ارب روپے وفاقی حکومت جبکہ باقی دیگراخراجات صوبائی حکومت برداشت کریگی جس کا مقصد اس روڈ کی بروقت تعمیر کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کو بہتر محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے اور ان علاقوں میں ترقی کا نیا باب کھلے گا۔ اس کے علاوہ بلوچستان کیڈیٹ کالج بورڈ میں ردوبدل کیا گیا ہے جس کا مقصد تعلیمی شعبے کی بہتری اور بلوچستان میں اس وقت 11 کیڈیٹ کالج موجود ہیں جہاں پر بلوچستان کے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جدید علوم کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔