اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں برادر ممالک نے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات کو آئندہ دو سال کے دوران 3 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن اے۔ الفضلی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سعودی وفد اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے درمیان مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں چاول، سرخ گوشت، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس، سبز چارے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کے ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔سعودی وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا، جس میں سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت، جنرل فوڈ سکیورٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وفد سے ملاقات کے دوران زرعی اور غذائی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کی، جبکہ وفد میں سیکرٹری تجارت جواد پال، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے زراعت و غذائی تحفظ احمد عمیر اور مختلف زرعی و غذائی شعبوں سے وابستہ نجی شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔
دورے کے دوران پاکستان سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان پر بریفنگ دی گئی، جبکہ سعودی وفد نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ، فوجی فاؤنڈیشن اور پاکستان سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔ وفد نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔